اہم خبریں

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات پنجاب کے طلباء کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری لے آئے

اسلام آباد (اے بی این نیوز ) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے کے طلباء کے لیے ایک اور خوشخبری کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق اب پنجاب کے طلباء کو جنوبی کوریا کی اعلیٰ رینکنگ کی تنگوان یونیورسٹی میں دو سالہ ڈپلومہ پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

اس منصوبے کے تحت طلباء کو ویلڈنگ، الیکٹریکل، آٹوموبائل انجینئرنگ، سافٹ ویئر، فوڈ، بیوٹی اور سوشل ورک سمیت مختلف شعبوں میں ڈپلومہ کورسز کروائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب حکومت اور جنوبی کوریا کے درمیان باقاعدہ ایم او یو طے پا چکا ہے۔

یونیورسٹی طلباء کو 70 فیصد اسکالرشپ پر داخلہ دے گی، جبکہ دورانِ تعلیم بھی طلباء کو اچھی تنخواہ والی ملازمتیں کرنے کی اجازت ہوگی۔ ڈپلومہ مکمل ہونے پر کورین ادارے فارغ التحصیل طلباء کو پرکشش تنخواہ پر ملازمتوں کی پیشکش بھی کریں گے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ کوریا میں داخلہ لینے کے لیے کورین زبان آنا ضروری ہوگا، جس کے لیے پنجاب کے ہر ضلع میں کورین لینگویج سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کوریا نے لاہور کالج فار ویمن اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی 20 طالبات کو مکمل اسکالرشپ پر تعلیم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق مستقبل قریب میں پنجاب کے طلباء کے لیے مزید غیر ملکی اسکالرشپس کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں