کابل(نیوزڈیسک)افغان طالبان نے لیتھیم اسمگل کرنے کے الزام میں 2 چینی شہریوں کو گرفتار کر لیا،غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کی طالبان حکومت نے انتہائی اہمیت کی حامل دھات لیتھیم کی اسمگلنگ کے الزام میں 2 چینیوں سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا ہے۔پانچوں افراد کو پاک افغان سرحد کے قریب اہم شہر جلال آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان افراد پر 1000 میٹرک ٹن لیتھیم دھات کی چٹانیں غیر قانونی طور پر اسمگل کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔کابل میں طالبان کے انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ 2 چینی شہری اپنے کچھ افغان ساتھیوں کے ساتھ مل کر پہاروں کی چٹانیں بڑے بڑے پٹھروں کی شکل میں غیر قانونی طور پر پاکستان کے راستے چین منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔طالبان حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی جانب سے جن چٹانوں کو اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی ، ان میں 30 فی صد تک لیتھیم موجود ہے۔لیتھیم وہ دھات ہے جو دور حاضر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہت اہمیت اختیار کرتی جارہی ہے۔















