لاہور ( اے بی این نیوز) جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے 35 ارب روپے سے زائد کے مبینہ فراڈ کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے گرفتار ملزم فہیم اکرم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم فہیم اکرم کو ضلع کچہری لاہور میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تفتیش کے لیے اس کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا بین الاقوامی اسکینڈل بے نقاب، 35 ارب روپے کے فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار۔
این سی سی آئی اے لاہور زون کی کارروائی میں ملزم فہیم اکرم کو گرفتار کر لیا گیا، جس پر اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک جعلی ویب سائٹ کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام ہے۔
تحقیقات کے دوران 16 بینک اکاؤنٹس کے استعمال کا انکشاف ہوا، جبکہ پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور عاطف امیر کی پریس کانفرنس— Ather Salem® (@AthSal01) October 20, 2026
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر جعلی ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے تقریباً تین سال تک امریکی پوسٹل سروس کے نظام کو بائی پاس کرکے جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے جاتے رہے۔ حکام کے مطابق اس طریقے سے 50 لاکھ سے زائد ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم یونٹ نے 6 اکتوبر کو اس کیس کی نشاندہی کی تھی۔ خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 روز تک کارروائی جاری رہی، جس کے بعد اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کے مطابق اس مبینہ فراڈ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 126 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 35 ارب روپے سے زائد بنتا ہے۔
یہ بندہ بھائی کسی کو نہیں چھوڑ رہا۔۔۔۔ایک لاکھ ڈالر انعام والا فہیم اکرم بھی پکڑ لیا
پاکستان کے شہر خانیوال کے رہائشی سافٹ ویئر انجینئر 33 سالہ فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے امریکہ نے 1 لاکھ ڈالر انعام رکھا تھا ۔۔۔اس فہم اکرم کو بھی ایڈیشنل ڈائریکٹر NCCIA لاہور عاطف امیر صاحب نے پکڑ لیا ہے ۔۔۔۔اب انکو 1 لاکھ ڈالر انعام ملتا ہے یا 2 ۔۔۔اسکے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔۔
خیر۔۔۔۔ سافٹ ویئر انجینئر فہیم اکرم پر امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔کیونکہ انہوں نے خانیوال میں بیٹھ کر امریکی محکمہ ڈاک کو 126 ملین ڈالر کا چونا لگایا ہے
فہیم اکرم نے ایک ویب سائٹ " لیبلز بینک ڈاٹ کام " بنائی تھی جہاں سے امریکی شہریوں کو ڈاک ٹکٹ اور شپنگ لیبلز فروخت کئیے جاتے تھے۔امریکی حکام کے مطابق 33 سالہ فہیم اکرم نے مجموعی طور پر امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے،پاکستانی حساب کتاب میں یہ رقم 35 ارب کے لگ بھگ بنتی ہے۔فہیم اکرم کی بنائی گئی ویب سائٹ بند کردی گئی ہے اور اسے قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق ملزم نے ویب سائٹ کے ذریعے5200 سے زائد لوگوں کو 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹس فروخت کئے،ان ڈاک ٹکٹس کی مدد سے صارفین کے ڈاک کی منزل کے فاصلے اور وزن سمیت دیگر چیزوں کا تعین کئیے بغیر سستے ٹکٹس فروخت کئیے گئے۔
خانیوال پولیس کے مطابق فہیم اکرم اس سے قبل پاکستان میں بھی اس قسم کے آن لائن فراڈ میں ملوث رہ چکا ہے تاہم اس کے خلاف پاکستان میں کوئی مقدمہ درج نہ تھا— Ather Salem® (@AthSal01) October 20, 2026
حکام کے مطابق مبینہ فراڈ کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، جن میں ملزم، اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مالی لین دین، مبینہ فراڈ کے طریقہ کار اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی چھان بین کررہی ہیں۔
ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ ملنے کے بعد تفتیشی حکام کو مالی معاملات اور مبینہ نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کا موقع ملے گا۔ کیس میں مزید پیش رفت تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان سمیت چار ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ، اہم پیش رفت سامنے آگئی















