اہم خبریں

شاہ چارلس نے عمان کے سلطان کو حدیث سنا دی، 44 سال بعد تاریخی سرکاری دورہ

لندن (اے بی این نیوز) برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ 44 سال بعد کسی عمانی سلطان کا برطانیہ کا پہلا سرکاری ریاستی دورہ ہے۔ اس سے قبل 1982 میں ملکہ الزبتھ دوم نے عمان کے سابق سلطان قابوس بن سعید کی میزبانی کی تھی۔

شاہ چارلس نے ونڈسر کیسل میں سلطان ہیثم بن طارق کے اعزاز میں منعقدہ سرکاری عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے عربی زبان میں صحیح مسلم سے منسوب ایک حدیث کا حوالہ دیا اور عمان کے عوام کے اعلیٰ اخلاق اور برداشت کی تعریف کی۔


شاہ چارلس نے حدیث کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر تم عمان کے لوگوں کے پاس جاتے تو وہ نہ تمہیں برا بھلا کہتے اور نہ تمہیں مارتے۔ ان کے اس اندازِ خطاب کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل ہوئی۔

شاہ چارلس نے اپنے خطاب میں آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے عمان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے عمان کا کردار اور تمام فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کی پالیسی قابلِ احترام ہے۔

سلطان ہیثم بن طارق کا یہ دورہ برطانیہ اور عمان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور علاقائی امن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں: بڑی سائبر سکیورٹی خامیاں سامنے آگئیں، دنیا بھر میں متعدد ویب سائٹس عارضی طور پر بند

متعلقہ خبریں