اسلام آباد (اے بی این نیوز) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے ای پاسپورٹ کے اجرا کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے 23 اکتوبر 2026 سے نئے الیکٹرانک پاسپورٹ جاری کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ کی فیس اس کی مدتِ میعاد، صفحات کی تعداد اور معمول یا فوری سروس کے انتخاب کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔ 5 سالہ مدت اور 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی معمول کی فیس 145 درہم جبکہ فوری سروس کی فیس 235 درہم ہوگی۔
اسی طرح 10 سالہ مدت اور 36 صفحات کے پاسپورٹ کی معمول کی فیس 215 درہم اور فوری سروس کی فیس 355 درہم مقرر کی گئی ہے۔ 72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کے لیے معمول کی فیس 260 درہم اور فوری سروس کی فیس 425 درہم ہوگی، جبکہ 10 سالہ اور 72 صفحات کے پاسپورٹ کی معمول کی فیس 390 درہم اور فوری سروس کی فیس 635 درہم ہے۔
پاسپورٹ گم ہونے پر اضافی فیس
پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں دوبارہ اجرا کے لیے زیادہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس کا انحصار پاسپورٹ کی مدت، صفحات کی تعداد، سروس کی نوعیت اور اس بات پر ہوگا کہ پاسپورٹ پہلی یا دوسری مرتبہ گم ہوا ہے۔ دوسری مرتبہ گم ہونے پر 10 سالہ اور 72 صفحات کے پاسپورٹ کی فوری سروس فیس 2 ہزار 540 درہم مقرر کی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ موجودہ مشین ریڈ ایبل پاکستانی پاسپورٹ اپنی مقررہ تاریخِ تنسیخ تک قابلِ استعمال رہیں گے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے میں 6 ماہ سے کم وقت باقی رہ جانے پر تجدید کے لیے درخواست دیں۔
ای پاسپورٹ کی درخواست کے لیے درخواست دہندگان کو اپنا پہلا نام اور خاندانی نام یعنی فرسٹ نیم اور لاسٹ نیم فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست دینے سے قبل متعلقہ سفارت خانے یا قونصل خانے سے فیس اور طریقۂ کار کی تصدیق کرلیں۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟















