اہم خبریں

دنیا کو اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑے مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا، شیری رحمن

ڈیووس(نیوز ڈیسک   )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑے مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا، پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر پاکستان پویلین کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ملک میں قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے لیونگ انڈس منصوبے کے اغراض و مقاصد اور قدرتی ماحول و آبی وسائل کی بحالی کے حوالہ سے اس کی افادیت کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابوں کے باعث نقصانات اور بحالی و تعمیرنو کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے اس ضمن میں عالمی برادری کے تعاون و حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اسباب کا ذمہ دار نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ان کے منفی اثرات کا شکار ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی لانے کی کوششوں کے سلسلہ میں قدرتی ماحول کے تحفظ و فروغ کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے تاہم اس ضمن میں عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ماحولیاتی لحاظ سے پائیداریت کے حصول کے ذریعے ناگہانی آفات سے نقصانات کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں