کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری نے تاجر برادری کی احتجاج کے بعد بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے کنٹینرز اور درآمدی سامان پر پورٹ کے جرمانے معاف کرنے کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کی وجہ سے کاروباری طبقہ کو درپیش مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے وزارت بحری امور نے بندرگاہوں کو ملنے والے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نجی ٹرمینلز سے بھی جرمانے خاطر خواہ کم کرانے کی کوشش کی جائیگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرکے ہی معیشت میں استحکام کی کوشش کی جاسکتی ہے، اس ضمن میں وزارت کے حکام تاجروں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے مزید اقدامات پر مشاورت کریں گے۔















