پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت قاسم علی شاہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کر خیبرپختونخوا حکومت کے ڈاکٹروں کے پینل سے بشریٰ بی بی کا معائنہ کرانے کی درخواست کی ہے۔
بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر زیر خبروں پر وزیر صحت خیبرپختونخوا نے نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب کو بشریٰ بی بی سے متعلق خط لکھ کر اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وزیر صحت نے اپنے خط میں کہا کہ بشریٰ بی بی کو زہریلی خوراک سے متعلق خبروں پر تشویش ہے اس لیے خیبرپختونخوا حکومت ڈاکٹروں کے پینل سے بشریٰ بی بی کا معائنہ کرانا چاہتی ہے۔
مزیدپڑھیں:سپریم کورٹ کے 4 ججوں کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول
انہوں نے خط میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے معائنے سے ہی اس بات کی تصدیق یا تردید ہو سکے گی کہ بشریٰ بی بی کو زہریلی خوراک دی گئی ہے یا نہیں۔
قاسم علی شاہ نے کہا کہ طبی معائنہ اور صحت کی سروسز تک رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور امید ہے کہ پنجاب حکومت بشریٰ بی بی سے متعلق اس خط کا مثبت جواب دے گی۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر داخلہ نے یہ خط ایک ایسے موقع پر لکھا ہے کہ جب گزشتہ روز عمران خان نے احتساب عدالت میں سماعت کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا ہے جس کے نشانات ان کی جلد اور زبان پر موجود ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ بشریٰ بی بی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کروانے کا حکم دیا جائے اور یہ چیک اپ شوکت خانم میموریل ہسپتال میں کرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ ایک جونیئر ڈاکٹر سے کروایا گیا جس پر ہمیں اعتبار نہیں، بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے پر بھی انکوائری کروائی جائے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت کی تھی۔















