اہم خبریں

ایران امریکا جنگ بندی

ایران اور امریکا کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع کا معاہدہ، ٹرمپ کی منظوری باقی

ایران امریکا جنگ بندی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں دونوں ممالک کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم اس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معاملے سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہو چکا ہے جس کے تحت جنگ بندی کو مزید 60 روز کے لیے بڑھایا جائے گا۔ تاہم امریکی صدر کی منظوری کے بغیر اس معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی جا سکتی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی انتظامیہ کئی بار یہ دعویٰ کر چکی ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ قریب ہے، لیکن دوسری جانب تہران نے بعض معاملات پر اختلافات برقرار رکھے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی جماعت کے سخت گیر حلقوں کی جانب سے بھی دباؤ کا سامنا ہے جو ایران کے جوہری پروگرام پر فوری بات چیت چاہتے ہیں۔

دوسری جانب جنگ بندی کے باوجود خطے میں کشیدگی کم نہ ہو سکی۔ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ فضائی حملوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ایران کے ڈرون حملوں کے جواب میں کارروائیاں کی گئیں جبکہ ایران نے بھی امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی عالمی معیشت اور توانائی کی سپلائی پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی میں توسیع کی منظوری مل جاتی ہے تو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں