اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں عام انتخابات 2024 کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت آج ہوگی۔
مزید پڑھیں:مری، گلیات اور پاکستان کے دیگر سیاحتی مقامات پر مزید بارش، برفباری کا امکان
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔
شہری علی خان کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ قبل از انتخابات دھاندلی اور نتائج میں تاخیر سے جمہوری اصولوں کو خطرہ ہے اور سپریم کورٹ 30 دن میں اپنی نگرانی میں نئے انتخابات کرانے کا حکم دے۔
سماعت کے دوران راولپنڈی کے سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی بھی جانچ پڑتال کا امکان ہے۔ لیاقت علی چٹھہ نے ہفتے کے روز 8 فروری کے انتخابات کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی میں اپنے کردار کا اعتراف کیا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی شکایت پر حکومت پنجاب نے سابق کمشنر راولپنڈی کے خلاف الیکشن کمیشن کے قوانین اور ضابطہ فوجداری کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔















