وہاڑی (نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے مزید 2 سابق ممبران قومی اسمبلی محکمہ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے۔دونوں ممبران پر سرکاری سکیموں میں خورد برد کا الزام ہے،اینٹی کرپشن حکام نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے دونوں ممبران کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔نجی ٹی وی کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے بتایاکہ وہاڑی سے سابق ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال چودھری پر سرکاری سکیموں میں خورد برد کا الزام ہے، لودھراں سے تحریک انصاف کے ممبر میاں شفیق قومی اسمبلی پر سرکاری سکیموں میں من پسند ٹھیکیدار کو نوازنے کا الزام ہے۔چودھری طاہر اقبال نے دیگرافسران کے ساتھ مل کر قومی خزانے کو 90 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا، میاں شفیق نے ٹھیکیدار سے ملی بھگت کر کے اپنے ملکیتی رقبہ اور ڈیرہ پر سرکاری ٹف ٹائل لگوائی۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تحریک انصاف کے دونوں ممبران کے خلاف کارروائی جاری ہے۔















