اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرصحت ندیم جان نے کہا ہے کہ حکومت نے پولیو وائرس کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ،تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرصحت ڈاکٹر ندیم جان نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے اسلام آباد میں آگاہی واک کی قیادت کی، واک میں وزارت صحت کے حکام، طلباء، سول سوسائٹی، انسدادپولیوپروگرام پاکستان کی قیادت ( روٹری)، ڈبلیو ایچ اوحکام، یونیسیف حکام ،بی ایم جی ایف اور پولیو کے خاتمے کےلئے کام کرنے والے دیگرشراکت داروں سمیت سینکڑوںافراد نے شرکت کی ،آگاہی واک میں پولیو سے بچ جانے والی سینیٹر قرۃ العین مری کی تقریر بھی پیش کی گئی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ یہ واک ہمارے عزم اور ہمارے ہیلتھ کیئر ہیروز کی انتھک کوششوں کا ثبوت ہے جو انتہائی مشکل حالات میں بھی بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگاتے رہتے ہیں،یہ ایک پیغام ہے کہ مل کر ہم پاکستان کو پولیو سے پاک بناسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان سے پولیو کا خاتمہ چاہتے ہیں ، کوشش ہے تمام بچے اس مہلک مرض سے بچ سکیں۔ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ پولیو سے متاثرہ بچے نیشنل ڈیویلپمنٹ پروگرام میں کردار ادا نہیں کر پاتے۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پولیو کے 3 ہزار سے زیادہ مریض تھے، پولیو پروگرام سے پولیو کیسوں میں بتدریج کمی ہوئی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان 2 ممالک ہیں جہاں پولیو کیس زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے پولیو کے خاتمے کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے میں پاکستان کی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔















