اسلام آباد(نیوزڈیسک)برطانوی ہائی کمیشن کے عملے نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیوننگ ساؤتھ ایشیا جرنلزم فیلوشپ (ایس اے جے پی) کا تعارف کرایا۔ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس اور یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر کی میزبانی میں چلنے والے ایس اے جے پی کا مقصد افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور مالدیپ سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے لیے ہے۔ مئی سے جون تک جاری رہنے والا یہ پروگرام فیلوز کو لیکچرز، دورے اور برطانیہ کے اہم ماہرین تعلیم، میڈیا اور سیاسی شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال کی پیشکش کرتا ہے۔سیشن کا آغاز ڈائریکٹر آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ڈپلومیسی پون دھانڈے کی بصیرت سے ہوا جس میں ایس اے جے پی کی جانب سے پیش کردہ مواقع پر زور دیا گیا۔ چیوننگ کی سربراہ شہلا قیوم نے بعد ازاں درخواست کے عمل، اہلیت کے معیار اور 8 ہفتوں کی فیلوشپ کا جائزہ پیش کیا۔تقریبا 50-60 صحافیوں کی شرکت سے منعقد ہونے والی اس تقریب کا اختتام ایک انٹرایکٹو سوال و جواب سیشن کے ساتھ ہوا، جس میں اس اقدام میں صحافتی برادری کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا گیا۔















