لاہور(نیوزڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے نجی بجلی گھروں (آئی آئی پیز) کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیاہے۔ 25 کروڑ عوام شدید کرب کا شکار ہیں، 220 ارب سے زیادہ مفت بجلی استعمال کرنے والے 99 فیصد لوگ سرکاری ملازمین ہیں ، جن لوگوں کو مراعات اور پروٹوکول مل رہا ہے، انکا بوجھ بھی عوام برداشت کر رہے ہیں۔بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام کی بجائے آئی ایم ایف کی ترجمانی کر رہی ہے، بجلی کی قیمت کم کرنے کی بجائے عوام پر بجلی بم گرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کے بلز میں پندرہ پندرہ قسم کے ٹیکس لگائے جاتے ہیں، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہونے چاہیے، انہوں نے کہا کہ جو الیکشن مہم چلارہے ہیں انکا مسئلہ عوام نہیں ہے۔















