راولپنڈی،کئی گھنٹوں کی ریکارڈ بارش، انتظامیہ نے سائرن بجا دیئے۔ پاک فوج بھی مدد کو پہنچ گئی،نشیبی علاقے زیع آب آگئے

راولپنڈی(اے بی این نیوز     ) 190 ملی میٹر سے زائد ہونے والی کئی گھنٹوں کی ریکارڈ بارش نے جل تھل کردیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہونے پر راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے سائرن بجا دیئے۔ پاک فوج بھی مدد کو پہنچ گئی۔اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، واسا سمیت، ریسکیو 1122 و دیگر ادارے الرٹ۔نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،راولپنڈی میں گزشتہ رات گئے برسنے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ دن گئے تک بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں بارشی جمع ہوگیا خصوصاً شمس آباد کے مقام پر سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔موسلادھار بارش سے ڈھوک بابو عرفان کے متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ ڈھوک کالاخان، صادق آباد، ڈبل روڈ، شکریال، کری روڈ، ندیم کالونی،جاوید کالونی، مگھا سنگھ اسٹیٹ ہزار کالونی بھابڑا بازار سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں واقع گلیوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 19 فٹ بلند اور گوالمنڈی میں 18 فٹ تک بلند ہوگئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سائرن بجا دیئے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے جوان بھی مدد کیلئے موقعہ پر پہنچ گئے جبکہ الائیڈ اسپتالوں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا و دیگر حکام نے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں کا گاہے بگاہے دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔ کئی گھنٹوں کے بعد بارش تھمنے پر نالہ لئی کی سطح اپنے معمول پر آگئی۔ نشیبی علاقوں میں مشکلات کا شکار شہریوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت بارشی پانی نکال کر اپنی املاک کو محفوظ کرتے رہے لیکن واسا یا کسی اور ادارے نے ہماری مدد نہیں کی