اہم خبریں

کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کا آغاز کیا ہے، وزیراعظم کا ٹویٹ

اسلام آباد( اے بی این نیوز     )وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ ‏پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت انداز میں بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کیلئے گزشتہ روز ملک گیر کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کا آغاز کیا ہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر بد قسمتی سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی کھیلوں کیلئے بھی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ اس کے پیش نظر ہم نے ملک کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اور سپورٹس اینڈؤمنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ باصلاحیت اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، بین الاقوامی مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کی تربیت اور دیگر اقدامات سے ملک بھر میں کھیلوں کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو جب جب بھی موقع دیا گیا، انہوں نے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم کو اپنی اچھی کارکردگی سے سربلند کیا۔ مجھے یہ بھی ادراک ہے کہ یہ اقدامات ناکافی ہیں مگر یہ ایک اچھا آغاز ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ آئندہ حکومتیں ان اقدامات کا تسلسل قائم رکھیں گی

متعلقہ خبریں