برسیلا (اے بی این نیوز) برازیل کے ایک جوڑے نے اپنی محبت کا ایسا مظاہرہ کیا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا دیا۔ 32 سالہ ریناٹو اور 33 سالہ نائرا نے صرف 30 سیکنڈ میں ایک یا دو بار نہیں بلکہ مکمل 195 بار بوسہ لے کر دنیا کو حیران کر دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران اسپتالوں میں جانیں بچاتے رہے ہیں۔ جوڑے کا ماننا ہے کہ وہ ’دنیا کا بہترین جوڑا‘ ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بوسہ لینے کے عالمی دن کے موقع پر اس منفرد چیلنج کا انتخاب کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویڈیو میں ریناٹو کو اپنی پسندیدہ فٹ بال ٹیم کی جرسی پہنے اور مشین گن کی رفتار سے نائرہ کے گال پر پیار کی بارش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ نائرہ پورے چیلنج کے دوران سکون سے مسکراتی رہیں اور پورا چیلنج خوش گوار ماحول میں مکمل ہوا۔
ریناٹو کے پاس ریکارڈ قائم کرنے کی ایک طویل تاریخ ہے، اس سے پہلے وہ سب سے تیز رفتاری سے کتابیں گرانے اور سب سے زیادہ بار اپنے پاؤں کو گھمانے کے ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
اپنی تازہ ترین کامیابی پر ریناٹو نے کہا، “مجھے لگتا ہے کہ میں اب برازیل کا وہ شخص بن گیا ہوں جس کے پاس سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ ہیں۔ میں چاہتا تھا کہ نائرا کا نام میری کامیابی کا حصہ ہو۔”
اس نے جذباتی انداز میں کہا: ’’میں بون میرو ڈونر ہوں اور مجھے اے ڈی ایچ ڈی (توجہ کی کمی کی خرابی) ہے، میں دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں کہ اس بیماری کے باوجود انسان جو چاہے حاصل کرسکتا ہے۔
ریناٹو، جو تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ بھی رکھتے ہیں، نے کہا، “مجھے جیتنا پسند ہے اور مجھے امید ہے کہ میرے ریکارڈ دوسروں کو ان کے خوابوں کو حاصل کرنے کی ترغیب دیں گے۔”
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کامیابی کے بعد مزید برازیلین گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مختلف چیلنجز میں حصہ لیں گے۔
محبت کے اس تیز رفتار سفر پر یہ جوڑا یہیں نہیں رک رہا۔ اب ان کی نظریں ایک منٹ میں 277 بار بوسہ لینے والے جاپانی جوڑے کے ریکارڈ کو توڑنے پر مرکوز ہیں۔
ریناٹو اور نائرہ کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک ریکارڈ نہیں ہے بلکہ ان کی محبت کا ایک یادگار لمحہ ہے جو ہمیشہ ان کے دلوں میں رہے گا۔
مزید پڑھیں:یو اے ای کے حوالے سے بڑی خبر،اہم اپڈیٹ سامنے آگئی















