دبئی (اے بی این نیوز) امریکا نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو برآمدات کے لیے خصوصی مراعات کے حامل ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق خصوصی مراعات کے حامل ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے متحدہ عرب امارات کے لیے جدید امریکی ٹیکنالوجی اور دفاعی آلات تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات پہلا خلیجی ملک ہے جسے اے 5 ایکسپورٹ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے اور ترکی کے بعد دوسرا اسلامی ملک ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق اس نئی درجہ بندی کے تحت متحدہ عرب امارات کی حکومت اور منظور شدہ تجارتی ادارے مخصوص شرائط کے ساتھ انفرادی برآمدی لائسنس کے بغیر اسٹریٹجک ٹریڈ اتھارٹی (STA) کے استثنیٰ کے تحت متعدد اہل اشیاء حاصل کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ان اشیاء میں امریکی محکمہ تجارت کے ضوابط کے تحت بعض فوجی سازوسامان، تجارتی سیٹلائٹ اور خلائی جہاز شامل ہیں جو تیل اور گیس کی پیداوار، سمندری پانی کو صاف کرنے کے منصوبوں اور سول نیوکلیئر توانائی کے شعبوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
امریکی محکمہ تجارت نے کہا کہ یہ اقدامات متحدہ عرب امارات کی تجارت، بنیادی ڈھانچے اور دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات کو آگے بڑھانے میں بھی مدد فراہم کریں گے۔
ادھر ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے یو اے ای کے لیے امریکی تجارتی پالیسیوں میں رعایتوں کو ایران کے خلاف جارحیت کی حمایت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے یو اے ای کے لیے جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ تجارت کے برآمدی کنٹرول کے ضوابط میں نرمی ایران کے خلاف فوجی جارحیت کی حمایت کے بدلے میں دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:فٹبال کی دنیا سوگوار،جنوبی افریقی فٹبالر چل بسا















