اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے ورلڈ بینک کی ریجنل ہیڈ آف سوشل پروٹیکشن اور قائم مقام ڈائریکٹر برائے یورپ اور وسطی ایشیا نکول کلنگن سے ملاقات کی۔ شازیہ مری کی یہ ملاقات واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی۔وفاقی وزیر نے نکول کلنگن کو پاکستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سماجی تحفظ کے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ملاقات میں نوجوانوں کی رہنمائی، تربیت اور مالی امداد فراہم کرکے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شازیہ مری نے کہا کہ نوجوانوں کی مالی مدد کے ذریعے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ نے معاشی و سماجی ترقی کے مواقع پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کی مدد کرنے سے ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کو فروغ ملا ہے۔ وفاقی وزیر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایس ڈی جیز پر اعلیٰ سطحی سیاسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے صاف پانی اور صفائی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نکول کلنگن کو بی آئی ایس پی کی 15 سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔















