اطالوی سفیر کے زیر قیادت وفد کی وفاقی وزیر شیری رحمان سے ملاقات

کراچی (نیوزڈیسک) اٹلی کے سفیر اینڈریاز فراریز کے زیر قیادت وفد نے وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کی، ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی کے معاملات اور منصوبہ جات پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ گلیشئرز اینڈ سٹوڈنٹس پراجیکٹ پر اطالوی حکومت اور سفیر کے تعاون کو سراہتے ہیں، اس منصوبے میں 08 آٹومیٹک ویدر سسٹمز (AWS) کی تنصیب شامل ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ منصوبے کے تحت پاکستان کے 7200 گلیشئرز کی انوینٹری بنائی جائے گی، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف بلتستان کے طلبا اور ای پی اے کے عملے کی تربیت شامل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے نے یونیورسٹی آف میلان اور کیگلیاری کے درمیان قابل قدر روابط کو فروغ دیا ہے، حاصل شدہ نتائج و تحقیق سے گلیشئرز کے تیزی سے پگھلنے کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہو گا۔شیری رحمان نے کہا کہ پائیدار ترقی و ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان-اٹلی تعاون کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔