اسلام آباد(اے بی این نیوز )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے تاجکستان کے وزیر دفاع شیرعلی مرزو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت اور اس کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہاکہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو ایک جیسے سیکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ سی پیک گوادر سے کاشغر اور مرغاب تک روابط بڑھانے کے لیے نئے اور منفرد مواقع فراہم کرے گا۔















