اسلام آباد ( اے بی این نیوز )قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں شہداء کی یادگاریں بنانے کی سفارش کردی ۔صادق سنجرانی نے وزیراعظم کو خط میں لکھا ہے کہ دھرتی کے استحکام اوربقا کیلئےشہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، شہدا ہمارے محسن ،ملک میں امن و امان ان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت وفاقی اورصوبائی دارالحکومتوں میں یادگار شہداء کا قیام یقینی بنائے ، ہوائی اڈوں ، سرکاری عمارتوں اور دیگر مقامات پر شہداء کی تصاویر اورپاکستانی پرچم نصب کیا جائے ، مجھے امید ہے کہ آپ جلد از جلد اس ضمن میں ہدایات جاری کریں گے ۔قائم مقام صدر کا کہنا ہے یہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک چھوٹی سی کاوش ہو گی ، جنہوں نے ملکی امن و سلامتی کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی ۔















