لاہور میں حالیہ بارشیں، وزیر اعظم نے کوتاہی برتنے والوں کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عید قرباں پر شمالی پنجاب بالخصوص لاہور میں متوقع پری مون سون بارشوں کی تیاری پر جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعطم نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا منساب اور بروقت انتظام نہ کرنے اور سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ کوتاہی برتنے والے متعلقہ حکام کو فی الفور معطل کریں، متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا، متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری کی جائے، تمام دستیاب وسائل کوبھرپوراستعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عیدِ قرباں کے دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہے، قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کی سخت مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی ممنوعہ تنظیم قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر سکے، شہریوں کے لئے صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنائیں۔