اسلام آباد: شدید بارش کا نیا سلسلہ رواں ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق نئے موسمی نظام کے اثرات سب سے زیادہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں محسوس کیے جائیں گے، جہاں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی، وسطی اور جنوبی پنجاب میں بھی بارش کی توقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش برسنے کا امکان موجود ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق مسلسل یا زیادہ شدت کی بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی و برساتی ندی نالوں میں اچانک سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ایسے علاقوں میں رہنے والے افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ بارش بعض علاقوں میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے، تاہم ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ پاکستان کو اس وقت پانی کی کمی کے چیلنج کا سامنا ہے، ایسے میں بارشوں سے ڈیموں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔















