اہم خبریں

پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف وزیراعظم شہباز شریف نے سخت کارروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو مؤثر اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ عوام کو ایندھن کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں جاری کشیدگی کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی مستقبل میں ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قومی سطح پر کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں عوام نے حکومتی اقدامات کا ساتھ دیا، اسی جذبے کے ساتھ موجودہ حالات کا بھی مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی کو مؤثر انداز میں منظم رکھا ہے تاکہ عام شہری، موٹر سائیکل سوار، رکشا ڈرائیور اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق حکومتی سبسڈی کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو بھی کافی حد تک قابو میں رکھا گیا۔

اجلاس میں حکام کو ہدایت دی گئی کہ ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی مکمل رکھی جائے اور ضرورت پڑنے پر فوری فیصلے کیے جائیں۔ وزیراعظم نے خصوصی طور پر زور دیا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل میں بھی ایندھن کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں