کراچی: سونے کی قیمت میں جمعرات کے روز معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ملک بھر میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ بڑھ گئے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 25 ہزار 436 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 343 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 64 ہزار 742 روپے تک پہنچ گئی۔ صرافہ مارکیٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں معمولی بہتری کے باعث مقامی نرخوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 30 ڈالر ہوگئی، جس کے نتیجے میں پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ اوپر چلے گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور بین الاقوامی طلب و رسد سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں معمولی تبدیلی بھی مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
صرافہ بازار سے وابستہ افراد کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران عالمی مارکیٹ کے رجحان کے مطابق سونے کی قیمتوں میں مزید کمی یا اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔















