لاہور(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ ایس ایم ای سیکٹر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے اور حکومت اس مقصد کیلئے ایس ایم ایز کو تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں سمال اینڈ میڈیم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا ) کے زیر اہتمام ایس ایم اے کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وفاقی اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ ایوانہائے صنعت و تجارت، ٹریڈ ایسوسی ایشنز اور ایس ایم ایز کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطبہ ِ استقبالیہ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان عزیز خواجہ نے پیش کیا جبکہ پنجاب انڈسٹریز کارپوریشن، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ، پنجا ب اربن یونٹ ، ایف ٹی او ، مصالیحہ انٹرنیشنل آربٹریشن سنٹر اور حکومتِ گلگت بلتستان کے نمائندوں نے ایس ایم ایز کی سہولت کاری کیلئے سمیڈا کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے۔وفاقی وزیر صنعت نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر کاروبار مائیکرو ، سمال اور میڈیم درجے کے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ایس ایم ایز کی تعداد 5.2 ملین ہے، جبکہ مجھے یقین ہے کہ یہ تعداد اس اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔جب تک ہمارا سمال بزنس ترقی کے بڑا نہیں ہوگا۔ ہم ترقی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایزہی ہیں جو ملک میں روزگار کی فراہمی اور غربت کی کمی میں مددگار ہیں ان میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیکر ہم اپنی برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتے ہیں۔















