ایک سال کی مدت میں وزارت مواصلات کی رینکنگ 80 سے 54 نمبر پر آ گئی ہے ،وفاقی وزیر مواصلات

اسلام آباد( اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ ایک سال کی مدت میں وزارت مواصلات کی رینکنگ 80 سے 54 نمبر پر آ گئی ہے جو ہماری کارکردگی کا ثبوت ہے۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع سے 10 برسوں میں فنڈز کی فراہمی اور پانچ سال ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی تاکہ انضمام کے بعد ان علاقوں کو سہولیات دی جائیں، سینیٹ نے سابق فاٹا میں ٹیکسوں میں مزید پانچ سال کی چھوٹ دی ہے۔ ہم نے کابینہ میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا تھا کہ صنعتوں کو ایک سال کی چھوٹ دی جائے ، جب تک فنڈز کے حوالے سے اپنے وعدے پورے نہیں ہوتے اس وقت تک سابق فاٹا میں چھوٹ اور رعایتی برقرار رکھی جائے، پارلیمان کو فیصلہ کرناہے کہ وہ سابق فاٹا کے لوگوں کو مشکل حالات میں کیا سہولیات دیتی ہے، فاٹا کے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔