اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایس ڈی جیز کے فنڈز کے لیپس نہ ہونے کے حوالے سے مل بیٹھ کر اس کا کوئی حل نکالتے ہیں، قانون میں اس کی گنجائش نہیں۔ منگل کو ایم کیو ایم کے رکن صابر قائم خوانی نے کہا کہ جمعہ کو اس ایوان نے ایس ڈی جیز کے فنڈز لیپس نہ ہونے بارے قرارداد منظور کی۔اس کے لئے سٹیرنگ کمیٹی قائم ہے،اس کی سفارشات بھی تھیں کہ فنڈز لیپس نہیں ہونے چاہئیں۔حکومت کی مدت کے اختتام پر عموماً فنڈز روک دیئے جاتے ہیں اور فنڈز لیپس ہو جاتے ہیں اس بارے میں وزیر خزانہ آگاہ کریں۔اس کے جواب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس بارے میں اپنی ٹیم سے فیڈ بیک ملا ہے، اس حوالے سے قانون آڑے آ رہا ہے، اس قانون کے تحت ایسا نہیں ہو سکتا لیکن جب فنڈز کمپنیوں کو چلے جاتے ہیں تو پھر یہ لیپس نہیں ہو سکتے۔اس وقت اس حوالے سے جو قانون ہے اس میں تبدیلی لانی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ قانونی طریقے سے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔ہم اس کا مل بیٹھ کر راستہ تلاش کرتے ہیں، اس کے لئے وقت درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ کو متعلقہ حکام کو بھی یہاں بلا لیتے ہیں تاکہ اس کا کوئی راستہ نکالیں۔















