اسلام آباد: پیٹرول کی نئی قیمت کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 22 جولائی سے ہوگا، جس کے بعد عوام کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں مہنگے داموں خریدنا ہوں گے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتیں 22 جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں، زرعی اخراجات اور مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کاروباری لحاظ سے قابلِ عمل نہیں اور اس سے پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان نے کہا ہے کہ قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جانا چاہیے تاکہ اسٹاک اور فروخت کے انتظام میں آسانی رہے۔ ان کے مطابق روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں، اسی لیے مطالبات کے حق میں ملک گیر احتجاج اور پیٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔















