کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت میں کوئٹہ میں پانچ بچوں کی ولادت کا ایک منفرد اور خوش آئند واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک نجی اسپتال میں خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق والدہ اور تمام نومولود مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی مسلسل طبی نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسپتال کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق پیدا ہونے والے پانچ بچوں میں تین بچیاں اور دو بچے شامل ہیں۔ تمام نومولودوں کی پیدائش کامیاب رہی، جبکہ طبی ماہرین کی ٹیم نے زچگی کے عمل کو محفوظ طریقے سے مکمل کیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ والدہ اور بچوں کو خصوصی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی صحت کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق یہ جوڑا کوئٹہ کا رہائشی ہے اور ان کے پہلے ہی تین بچے موجود تھے۔ کوئٹہ میں پانچ بچوں کی ولادت کے بعد اب اس خاندان میں بچوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے، جس پر اہل خانہ نے خوشی اور شکر کا اظہار کیا۔
طبی ماہرین کے مطابق بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ایک غیر معمولی واقعہ ہوتا ہے، جس میں والدہ اور نومولودوں کی خصوصی دیکھ بھال انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے تاکہ صحت سے متعلق کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔















