اہم خبریں

عمان سائبر کرائم قانون کے تحت سوشل میڈیا صارفین کو سخت وارننگ جاری

مسقط: عمان سائبر کرائم قانون کے تحت سوشل میڈیا صارفین کے لیے نئی اور سخت وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی شخص کی نجی تصاویر، ویڈیوز، چیٹس یا ذاتی معلومات اس کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا یا کسی بھی آن لائن پلیٹ فارم پر شیئر کرنا قابلِ سزا جرم ہے۔

عمان کی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سائبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ حکام نے کہا کہ کسی فرد کی تصاویر یا ویڈیوز کو اس کی اجازت کے بغیر بنانا، ریکارڈ کرنا، محفوظ رکھنا، نقل کرنا، منتقل کرنا یا آن لائن شائع کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اگر کوئی شخص کسی دوسرے فرد کو نقصان پہنچانے کی نیت سے تصاویر، ویڈیوز، آڈیو کلپس، تبصرے یا دیگر معلومات سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا ہے تو یہ بھی جرم تصور ہوگا، چاہے وہ مواد حقیقت پر مبنی ہی کیوں نہ ہو۔

حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قانونی ذمہ داری صرف مواد اپ لوڈ کرنے تک محدود نہیں بلکہ “شیئر” کا بٹن دبانے سے بھی قانون کا اطلاق ہو سکتا ہے۔ اسی لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے افراد کو ہر قسم کا مواد شیئر کرنے سے پہلے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عمان سائبر کرائم قانون کے تحت رائل ڈکری نمبر 61/2026 کی دفعہ 36 کے مطابق ایسے جرائم میں ملوث افراد کو تین سال تک قید، پانچ ہزار عمانی ریال تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

پبلک پراسیکیوشن نے عمان آنے والے غیر ملکی مسافروں، خصوصاً خلیجی ممالک سے آنے والے افراد کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ ملک کے ڈیجیٹل پرائیویسی قوانین کا مکمل احترام کریں تاکہ کسی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں