اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ پنجم منصوبہ سے 1200 میگاواٹ صاف، سستی اور قابل اعتماد ایٹمی بجلی سسٹم میں شامل ہو گی، یہ منصوبہ صنعتوں کو سستی بجلی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے توانائی کے مکس کو متنوع بنانے کیلئے ہمارے تحفظ توانائی منصوبے کا حصہ ہے، یہ اہم منصوبہ چین اور پاکستان کے درمیان کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تزویراتی شراکت داری میں ایک نئے پہلو کا اضافہ کرے گا۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چشمہ پنجم پر معاہدے پر دستخط اس منصوبے کی تعمیر کی جانب ایک بڑا قدم ہے جس سے سسٹم میں 1200 میگاواٹ صاف، سستی اور قابل اعتماد ایٹمی بجلی شامل ہوگی، یہ منصوبہ صنعت کو سستی بجلی کی فراہمی اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے توانائی کے مکس کو متنوع بنانے کے لئے ہمارے انرجی سیکیورٹی پلان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مسلسل اعتماد اور ہمارے لوگوں کے خوشحال مستقبل کے لئے چینی قیادت کا شکریہ ادا نہیں کر سکتے، یہ منصوبہ 3.48 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا جائے گا، 2017 میں دستخط ہونے کے بعد سے مہنگائی کے باوجود چائنہ نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن نے منصوبے کی لاگت میں اضافہ نہیں کیا بلکہ انہوں نے میری درخواست پر 750 ملین آر ایم بی (30 ارب روپے) کی رعایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین آہنی بھائی چارہ مزید مستحکم ہو رہا ہے اور یہ اہم منصوبہ اس کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تزویراتی شراکت داری میں ایک نئے پہلو کا اضافہ کرے گا۔















