کراچی(اے بی این نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے جوانسال رہنما سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ترقی کے حوالے سے ٹنڈو محمد خان کو مثالی ضلع بنائیں گے۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کل ضلع کونسل ٹنڈو محمد خان کے چیئرمین کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد کہی۔چیئرمین ضلع کونسل ٹنڈو محمد خان سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں تعلیم، صحت ،زراعت اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی عمل کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا۔ اساتذہ کی کارکردگی کو ان کے شاگردوں کی امتحانی نتائج کی بنیاد پر جانچا جائے گا اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی کارکردگی کو زیر تعلیم طالب علموں کی روزانہ حاضری کی روشنی میں جانچا جائے گا۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ادویات اور دیگر سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ لوگوں کو فوری اور تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان کے زرعی نظام کی بہتری اور کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے اور زرعی پیداوار کو کھیت سے منڈی تک پہنچانے کے لئے سڑکوں کے تعمیرومرمت کے منصوبوں کو فوقیت دی جائے گی۔















