اسلام آباد(اے بی این نیوز )مشیر برائے ثقافتی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ یونان میں کشتی کے حادثے پر قوم یوم سوگ منا رہی ہے جس میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کے لیے اتوار کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، اسی وجہ سے ہم نے پانچ روزہ میلے کی اختتامی تقریب سادگی سے منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ روزہ ثقافتی میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو پیر کو شکرپڑیاں کے اوپن ایئر تھیٹر میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں بہترین فنکاروں ، دستکاروں اور میڈیا پرسنز کو ان کی مہارت اور قابلیت پر شیلڈز سے نوازا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن فارینہ مظہر، جوائنٹ سیکرٹری و ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ مظفر علی برکی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے مشیر نے فنکاروں، دستکاروں اور میڈیا پرسنز میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ انجینئر امیر مقام نے پانچ روزہ لوک میلے میں فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے فنکاروں اور دستکاروں کو وفاقی دارالحکومت میں ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی گئی۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت قومی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک ورثہ قومی ورثہ اور ثقافت ڈویڑن نے اس میلے کا انعقاد کاریگر برادری کی ترقی اور دستکاری کو فروغ دینے کے لیے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت وہ راستہ ہے جو قوموں میں صوبائی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی، محبت، امن اور بھائی چارے کی طرف لے جاتا ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے اعلان کیا کہ فنکاروں کے ویلفیئر فنڈ سے لوک فنکاروں کی بھی مالی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی ہاتھ سے بنی دستکاری کے فروغ کے لیے بیرون ملک بھی اسی طرح کے میلے منعقد کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔















