اہم خبریں

لوک ورثہ کا ثقافتی میلہ پر وقار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )لوک ورثہ کا ثقافتی میلہ ایک پر وقار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ مشیر برائے ثقافتی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔لوک ورثہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، مظفر علی برکی نے ثقافتی محکموں کے تمام سربراہان، دستکاروں،لوک فنکاروں اور موسیقاروں کا اس قومی تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے لوک ورثہ سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ مشیر وزیراعظم امیر مقام نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ لوک ورثہ ہمیشہ پاکستان کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہتا ہے، اس کے ذریعے پاکستان بھر کے نامور ہنرمندوں اور لوک فنکاروں موسیقاروں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ پاکستانی قوم کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے کا ذریعہ بن گیا جس کی بنیاد امن پر ہے اور اس پر ہماری صدیوں پرانی ثقافت اور علم کے نقوش موجود ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ دستکاروں اور فنکاروں کی وجہ سے تہذیب کو زندہ رکھا گیا ہے۔ پاکستان میں جدید تعلیم یافتہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن یہاں کے ہنر مند لوگ کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور پاکستانی دستکاری دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میں سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن ارینہ مظہر اور لوک ورثہ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی دن رات کی محنت سے یہ میلہ کامیابی سے منعقد ہوا۔اختتامی تقریب کے دوران لوک ورثہ کی طرف سے ماہر ہنرمند دستکاروں اور لوک فنکاروںکو متعدد سرٹیفکیٹ اور شیلڈز دی گئیں۔ پانچ روزہ ثقافتی میلے نے ملک بھرسےایک بڑا عوامی ہجوم کھینچا۔ میلے میں کاریگروں کے کام، لوک گیت اور رقص پرفارمنس، کرافٹ بازار، تھیٹر پرفارمنس اور بہت سے دوسرے پرکشش مظاہرے شامل تھے۔ کاریگر اور لوک فنون نے میلے میں اپنی خوبصورت دیسی ثقافت، فنون، دستکاری، موسیقی اور کھانوں کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے سٹالز پیش کرتے ہوئے اپنی متعلقہ تاریخی یادگاروں، فن، موسیقی اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ ڈال کر مکمل طور پر شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے شرکت کرنے والے ثقافتی شعبہ جات، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، آئی سی ٹی انتظامیہ کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دئیے۔ تقریب کے دوران ثقافتی اور میوزیکل پرفارمنس بھی پیش کی گئیں جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ تقریب میں فن، دستکاری اور موسیقی کے شائقین ثقافتی شخصیات، میڈیا پرسنز اور عام لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خوب لطف اٹھایا۔

متعلقہ خبریں