اسلام آباد (اے بی این نیوز )وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ہونے والی اموات ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کرکے انسانی اسمگلنگ کے انسداد کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لاہور اور کراچی میں اس سلسلے میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں ،اس سانحے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ کا دہندہ کرنے والوں کو عبرتناک سزا کے لیے خصوصی قانون سازی بھی کی جائے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے مکمل ہمدردی ہے۔حکومت اس سانحہ کا شکار ہونے والوں کے خاندانوں کی بھرپور معاونت کرے گی۔















