لاہور( اے بی این نیوز )وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرقی وسطی و چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کار آنے کو تیار ہیں جس کیلئے ملک میں امن اور سیاسی استحکام کا ہونا لازم ہے ، ان مظلوموں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں جو سمندر کی لہروں کی نذر ہو گئے ،وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن مجرموں نے ان کو بھیجا ان کیخلاف ایکشن لیا جائے۔ اتوار کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ وہ لوگ بڑے ظالم ہیں جو انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں ،اس طرح کے جتنے بھی ایجنٹ ہیں ا ن کو گرفتار کیا جائے ، پاکستانی نوجوان جتنی محنت بیرون ملک جا کر کرتے ہیں وہ اتنی محنت پاکستان میں رہ کر کر یں اور اپنے خاندان والوں کے ساتھ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتری کی طرف جانا ہے ، تجارت کے حوالے سے پاکستان کے روس اورد یگر ممالک کے ساتھ معاملات بہتر ہو رہے ہیں ،پاکستان کے اندر انویسٹرز آنے کو تیار ہیں مگر اس کیلئے ملک میں امن اور سیاسی استحکام کا ہونا لازم ہے کیونکہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آ ئے گا۔















