اہم خبریں

حوثیوں کی سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازرانی کیخلاف دھمکیوں کی پاکستان کی شدیدمذمت

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازرانی کے خلاف جاری دھمکیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے علاقائی سلامتی، عالمی تجارت، سمندری آمدورفت کی آزادی اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی بحری نظام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے، سعودی عرب اور اس کے ساتھ قانونی تجارتی سرگرمیوں میں مصروف جہازوں کو دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے، اور یہ بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ان اطلاعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ قانونی تجارتی سرگرمیوں میں مصروف جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، پاکستانی پرچم بردار جہازوں یا پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی اور خودمختار مفادات کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پاکستان اپنے سمندری اثاثوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے دفاع کے حق کے تحت تمام ضروری اقدامات، بشمول قانون کے مطابق طاقت کے استعمال، کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم پر قائم ہے اور تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں اور بین الاقوامی سمندری تجارت اور جہازرانی کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں: سام سنگ نے اپنا نیا گلیکسی کریڈٹ کارڈ متعارف کرادیا

متعلقہ خبریں