اہم خبریں

مسلم لیگ ن کا انٹرا پارٹی الیکشن،چناؤ کل بروز جمعہ اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد (  اے بی این نیوز  )مسلم لیگ ن نے ’انٹرا پارٹی‘ انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے، 16 جون کو پارٹی عہدیداروں کا چناؤ کیا جائے گا۔ نواز شریف پارٹی سربراہ، شہباز شریف صدر، مریم نواز بدستور چیف آرگنائرز رہیں گے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عہدیداروں کے چناؤ کے لیے انتخابی عمل پارٹی سیکرٹریٹ چک شہزاد میں ہوگا۔ احسن اقبال کو پارٹی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ ملنے کے سو فیصد امکانات ہیں جب کہ حمزہ شہباز شریف کے پارٹی کے نائب صدر کے طور پر منتخب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔نواز شریف کو پارٹی سربراہ برقرار رکھنے کا فیصلہ اسی وقت ہو گیا تھا جب ان کو پارٹی صدارت سے ہٹا دیا گیا تھا ۔2019 میں جب ’انٹرا پارٹی‘ الیکشن کرائے گئے تھے تو پارٹی نے ان کو تاحیات پارٹی سربراہ نامزد کردیا تھا اس لیے نوازشریف کے مد مقابل کوئی بھی امیدوار نہیں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ پارٹی پالیسیوں پر تنقید کی صورت میں شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کے اندر وہ مقام نہ دیا جائے جو 4 سال پہلے ان کے پاس تھا، یہ بھی ممکن ہے کہ شائد شاہد خاقان عباسی کو سینئر نائب صدر کے عہدے پر برقرار نہ رکھا جائے۔خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق سینئر نائب صدر کے امیدوار ہیں،ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کے نام سینئر نائب صدر کے عہدے کے لیے اس وقت سامنے آئے ہیں جب شاہد خاقان عباسی نے پارٹی صدر شہباز شریف کی کچھ پالیسوں سے اپنے اختلاف کا اظہار کیا تھا۔ زبیر عمر، ملک احمد خان ، عطا تارڑ ،رانا مشہود، میاں جاوید لطیف، خرم دستگیر کو بھی پارٹی عہدے دئیے جانے کا امکان ہے۔ صوبہ پنجاب کی صدرات کے لیے بھی دو امیدوار سامنے آئے ہیں۔ اس کے لیے رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان مقابلہ ہو سکتا ہے۔اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی صدارت کے لیے شہباز شریف اور نواز شریف کی رائے حتمی ہوگی۔

متعلقہ خبریں