اہم خبریں

سمندری طوفان بپر جوائے کی ساحلی علاقے کی طرف بڑھنے کی رفتار میں 6 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کمی آ گئی

اسلام آباد(اے بی این نیوز       )بحیرہ عرب سے اٹھنے والے انتہائی شدید سمندری طوفان بپر جوائے کی ساحلی علاقے کی طرف بڑھنے کی رفتار میں 6 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کمی آئی ہے تاہم اس کا پھیلائو اور شدت کی نوعیت برقرار ہے، کیٹگری 3 کا طوفان (آج) جمعرات کی رات کسی بھی وقت سندھ کے جنوب مشرقی ساحلی علاقہ کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، کراچی کو طوفان سے براہ راست خطرہ نہیں رہا تاہم تند و تیز ہوائوں اور شدید بارشوں کی صورت میں کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور ملیر سمیت ملحقہ علاقوں میں طوفان کے اثرات رونما ہوں گے، طوفان کے خطرے سے دوچار علاقوں سے تقریباً 82 ہزار لوگوں کا انخلاء کر لیا گیا ہے جنہیں محفوظ مقامات پر سکولوں اور پختہ عمارتوں میں قائم 63 کیمپس میں منتقل کیا گیا ہے، تمام متعلقہ فوجی اور سول ادارے الرٹ اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، عوام کو کسی بھی قسم کی افراتفری سے اجتناب برتتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے سمندری طوفان بپر جوائے کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں جمعرات کو منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ طوفان کی رفتار میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے اس کے لینڈ فال اور ٹکرائو کا معینہ وقت تبدیل ہوا ہے، اسی طرح طوفان کی سمت میں بھی کچھ تبدیلی آئی ہے تاہم طوفان سے منسلک خطرات بدستور برقرار ہیں اور اس کے مطابق تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بپر جوائے کی نوعیت کیٹگری 3 کے انتہائی شدید طوفان کی ہے جس کی سطح پر ہوائوں کی رفتار 120 سے 140 کلومیٹر ہے جبکہ اس کے مرکز میں 180 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طوفان ٹھٹھہ سے 235 کلومیٹر، کراچی سے 230 کلومیٹر اور کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور یہ جس راستے کی پیشگوئی کی گئی تھی اسی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور یہ (آج) جمعرات کی رات کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیانی ساحلی علاقے سے ٹکرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان کی وجہ سے کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور ملیر کے علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے جہاں تیز اور تند ہوائوں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث سمندری لہریں 30 فٹ سے زائد بلند ہو سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں