اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیرخزانہ محمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ قوم کوپتہ چل گیاہوگا کہ ان کا اصل خیرخواہ اوردوست کون ہے اورملک اورقوم کادشمن ومعاشی بدحالی کاذمہ دارکون ہے۔ جمعہ کوقومی اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر کے اختتام پرانہوں نے کہاکہ پاکستان کے غیور اور روشن خیال عوام اس حقیقت سے پوری طرح روشناس ہو چکے ہیں کہ ان کا اصل دوست اور خیرخواہ کون ہے اور ملک اور قوم کا دشمن اور معاشی بدحالی کا ذمہ دار کون ہے، میاں شہباز شریف نے بطور وزیر اعلی پنجاب اور اب بطور وزیراعظم پاکستان کے منصب سے بھرپور طریقے سے خلوص نیت سے عوام کی خدمت کی ہے، موجودہ مخلوط حکومت نے 14 ماہ کے قلیل عرصہ میں مشکلات اور سازشوں کے باوجود عوام دوست اقدامات اٹھائے ہیں اور ملک کو صحیح معنوں میں ڈیفالٹ سے بچا کر، بحرانوں سے نکال کر استحکام کی راہ پر لے آئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی میں بھی ملک کو مشکلات سے نکالا اور اب بھی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہے۔















