اہم خبریں

اگلے مالی سال کے لئے معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے ، اسحاق ڈار

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )اگلے مالی سال کے لئے معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ افراط زر کی شرح اندازاً 21 فیصد تک ہوگی، بجٹ خسارہ 6.54 فیصد اور پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد ہوگا۔ جمعہ کو وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال کے لئے برآمدات کا ہدف 30 ارب ڈالر جبکہ ترسیلات زر کا ہدف 33 ارب ڈالر ہے۔ اگلے سال ایف بی آر محاصل کا تخمینہ 9,200 ارب روپے ہے جس میں صوبوں کا حصہ 5,276 ارب روپے ہو گا۔ وفاقی نان ٹیکس محصولات 2,963 ارب روپے ہوں گے۔ وفاقی حکومت کی کل آمدن 6,887 ارب روپے ہوگی۔وفاقی حکومت کے کل اخراجات کا تخمینہ 14,460 ارب روپے ہے جس میں سے انٹرسٹ پیمنٹ پر 7,303 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ اگلے سال پی ایس ڈی پی کے لئے 950 ارب روپے کا بجٹ مختص کیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے 200 ارب روپے کی اضافی رقم کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 1,150 ارب روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی دفاع کیلئے 1.804 ارب روپے سول انتظامیہ کے اخراجات کیلئے 714 ارب روپے مہیاکئے جائیں گے۔ پنشن کی مد میں 761 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بجلی گیس اور دیگر شعبہ جات کے لئے 1.074 ارب روپے کی رقم بطور سبسڈی رکھی گئی ہے۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں ضم شدہ اضلاع، بی آئی ایس پی، ایچ ای سی، ریلویز اور دیگر محکموں کیلئے 1,464 ارب روپے کی گرانٹ مختص کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں