حکومت الیکشن سے صرف عمران خان کی وجہ سے بھاگ رہی ہے، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن سے صرف عمران خان کی وجہ سے بھاگ رہی ہے ،توہین عدالت کی ہیٹ ٹرک ہو چکی ، پوری قوم کو کال دینے کے لیے عمران خان تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا عید کی پوری چھٹیاں گزر گئی ہیں، ایک دن اور گزر گیا، کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، کل کا اجلاس غیرآئینی اور غیرقانونی تھا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے گیٹ پر اراکین کو روکا گیا، عمران خان نے عدلیہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا تھا ، واحد حل پورے ملک میں الیکشن ہے، تمام اسمبلیاں تحلیل کریں، یہ مذاکرات نہیں کرتے عدالت پر حملہ آور ہوتے ہیں، آج فیصلہ کن گھڑی آن پہنچی ہے، فیصلہ ہو گا۔