اسلام آباد(اے بی این نیوز ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ لیلتہ القدر اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے اور گناہوں کی بخشش طلب کرنے کا سنہری موقع ہے۔انہوں نے لیلتہ القدر کی برکتوں اور رحمتوں سے بھر پور طور پر مستفید ہونے کیلئے اس رات کو عبادت میں گزارنے اور اللہ تعالی سے عاجزی وانکساری کے ساتھ دعائیں مانگنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیلتہ القدر کے موقع پر کیا جو 17 اور 18 کی درمیانی شب ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ لیلتہ القدر نزول قرآن و ملائکہ کے زمین پر اترنے اور مغفرت کی رات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رات ہزار مہینوں سے افضل ہے جس میں فرشتے اللہ تعالیٰ کے حکم سے زمین پر اترتے ہیں اور عبادت میں مشغو ل مسلمانوں پر سلامتی بھیجتے ہیں اور ان کی دعاوں پرآمین کہتے ہیں۔ انہوں نے پوری قوم کو لیلتہ القدر کو عبادات میں گزارنے اور اپنی بخشش اور مغفرت کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگنے کیلئے کہا۔انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر نزول قرآن مجید کی رات ہے جس کی تعلیمات عمل کر کے دنیا و آخرت میں کامیابی و سرخروئی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کرنے اورلیلتہ القدر کی برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ لیلتہ القدر امن و سلامتی کی رات ہے اس بابرکت رات میں ملائکہ اپنے رب کی اجازت سے زمین پر اترتے ہیں اور عبادات میں مشغول مسلمانوں پر سلامتی بھجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر کی ایک رات کی عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سیافضل ہے۔ انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ سب مسلمانوں کو اس رات میں عبادت کرنے اور اس کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔















