اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ستیہ پال ملک کے بیان کے بعد پلوامہ معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی کے عمل کی وجہ سے 2 ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی تھیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے پر ستیہ پال ملک نے سارے بیانیے کا ملیا میٹ کر دیا، پلوامہ واقعے پر پاکستان نے سنجیدگی دکھائی، اس سلسلے میں مزید انکشافات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت سنجیدہ موضوع پر کم نظری دکھا رہا ہے، بھارت کے ایسے بیانیے جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں، ایٹمی طاقت ملک کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ ایٹمی طاقت کسی کی ذہنی صلاحیتوں کو بہتر نہیں کر سکتی، پلوامہ کا معاملہ عالمی فورم پر لے جایا جائے گا، اب ثابت ہو گیا بھارتی بیانیہ اور پلوامہ حملہ جھوٹ پر مبنی تھا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر میں مظلوم مسلمانوں کے خلاف سازش سے جھوٹا بیانیہ بنایا جاتا ہے۔















