اہم خبریں

انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان کا ٹویٹ

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکی حکومت پر من گھڑت الزامات لگا کر ملکی سفارتی تعلقات اور مفادات کو دائو پر لگایا لیکن اب حکومت میں آنے کیلئے اسی سے حمایت مانگ رہے ہیں، انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اس حوالے سے امریکہ سے مداخلت کا مطالبہ قابل مذمت ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں عمران خان نام نہاد “بیرونی سازش” کا بیانیہ بنا کر سیاست کر رہے تھے لیکن اب یوٹرن لے کر امریکی قانون سازوں کی منت سماجت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈان نیوز کی خبر کے مطابق عمران خان نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں چار امریکی ارکان کانگریس سے بات کرکے حمایت کی درخوست کی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان نے موجودہ امریکی انتظامیہ پر من گھڑت الزامات لگا کر ملکی سفارتی تعلقات اور مفادات کو دائو پر لگایا۔ امریکی غلامی اور امریکی سازش کے نعرے لگائے اور لوگوں کو امریکہ کے خلاف ورغلایا۔ اب اپنے تعلقات ٹھیک کرنے اور حکومت میں آنے کیلئے اسی امریکی انتظامیہ کا حمایت مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کرکے بائیڈن انتظامیہ کو قائل کر رہے ہیں کہ عمران خان اور تحریک انصاف امریکہ مخالف نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اس پر امریکہ سے مداخلت کا مطالبہ کرنا قابل مذمت ہے۔ ان کے کارکن امریکی غلامی کے خلاف نعرے لگا رہے اور یہ امریکہ کے پائوں پکڑ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں