اہم خبریں

اسلام آباد،وزیر تجارت سید نوید قمر سے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے الوداعی ملاقات کی،دونوں رہنمائوں نے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر سید نوید قمر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے سفیر کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف پڑوسی ہیں بلکہ ان کے بھائی چارے کے تعلقات بھی ہیں، پاکستان اور ایران کا تجارتی حجم حقیقی صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتا، ہمیں اسے حقیقی سطح تک بڑھانے کے لیے ایک جامعہ طریقہ کار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر تجارتی رکاوٹیں جیسے پاکستانی ڈرائیوروں اور کاروباری برادری کے لیے ویزا فیس، تصدیق کی فیس، روڈ ٹیکس، لوڈ ٹیکس اور ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے ٹرکوں پر عائد دیگر چارجز تجارت کو متاثر کر رہے ہیں۔ایرانی سفیر نے کہا کہ وفاقی وزیر نوید قمر کی جانب سے بھرپور تعاون کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان پہلی بار دوطرفہ تجارت میں 15 فیصد اضافہ ہوا،منڈی-پشین پاکستان-ایرانی سرحدی مارکیٹ، جس کا 2 مئی کو افتتاح ہونا ہے، ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دے گا۔دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں