چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اشارہ دے دیا

لاہور( اے بی این نیوز   )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔ پاکستانی فوج، ان کی فوج ہے، اور پاکستان ہم سب کا ہے، قومی اداروں کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جمہوریت کیلئے تحریک انصاف ہر آخری حد تک جائے گی۔زمان پارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے1997 میں سپریم کورٹ پردھاوبولا تھا اور یہ ایک بار پھر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کودھمکا رہی ہےکیونکہ انتخابات سےخوفزدہ ہے، ضرورت پڑی تو پوری قوم آئین،جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ‏کےدفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنےکیلئےتیار رہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سےبات کریں گے، جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونےکو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ زندگی اللہ تعالی نے اس ملک کیلئے عطا کی ہے، ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے، وکلا آئین اور قانون کی حکمرانی کےتحفظ کیلئےاسی طرح کردار ادا کریں جیسا 2007 کی وکلا تحریک کےدوران کیا، وکلا کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہو گی۔