اہم خبریں

ہوسکتا ہے کہ 8 اکتوبر کو بھی الیکشن نہ ہوں،منظوروسان کی پیشگوئی

کراچی (نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء منظور وسان نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت بڑی بڑی پیشگوئیاں کردیں۔ اپنے ایک بیان میں پی پی رہنماء منظور وسان نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنتا یا اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا۔انہوں نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ 8 اکتوبر کو بھی الیکشن نہ ہوں، پیپلزپارٹی چاہتی ہے الیکشن ہوں مگر حالات بتارہے ہیں کہ الیکشن وقت پر نہیں ہوں گے، اگر ملک میں دہشتگردی ہوگی اور فنڈز نہ ہوئے تو انتخابات کا انعقاد مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی بھی لگ سکتی ہے، کیئر ٹیکر سیٹ اپ یا کچھ وقت کیلئے نیوٹرل حکومت بھی آسکتی ہے، عمران خان کو وزیراعظم بنتا یا اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کی گرفتاری کوئی معنی نہیں رکھتی، بہت کچھ ہونے والا ہے، وفاق کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے، کچھ بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے پیشگوئی کی کہ سیاستدانوں نے عقلمندی سے فیصلے نہ کئے تو ایسے لوگ جیلوں میں جائیں گے جو پہلے کبھی نہیں گئے، رواں سال مختلف سیاسی پارٹیوں میں دھڑا بندیاں بھی ہونا شروع ہوں گی۔

متعلقہ خبریں